سری نگر: جموں وکشمیر کے جنوبی ضلع کولگام کے کہروٹ گاوں میں مقامی مسلمانوں نے مذہبی ہم آہنگی ، اتحاد، انسانیت نوازی اور کشمیریت کی عمدہ مثال قائم کی ہے جہاں وہ ایک معمر کشمیری پنڈت خاتون کی آخری سومات انجام دینے میں پیش پیش رہے ۔ آخری رسومات میں بیسیوں مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی اور نم آنکھوں سے آنجہانی کو رخصت کیا۔اطلاعات کے مطابق کولگام کے کہروٹ گاوں میں یہ خاندان ان سینکڑوں کشمیری پنڈت خاندانوں میں ایک ہے جو گزشتہ تین دہائیوں کے نامساعد حالات کے دوران بھی کشمیر میں ہی مقیم رہے اور اپنے ہمسایہ مسلم برادری کے دکھ سکھ میں شامل حال رہے ۔ گزشتہ روز جب کشمیری پنڈت خاتون 84سالہ سونی ریناکا دیہانت ہوا، تو اس گاوں کے بیسیوں مسلمان ان کی آخری رسومات انجام دینے میں پیش پیش رہے ۔