کشمیر میں تازہ برف باری سے سردی کی شدت میں کمی واقع

,

   

سری نگر،2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے باعث ایک ماہ سے جاری ریکارڑ توڑ سردی سے لوگوں کو قدرے راحت نصیب ہوئی ہے ۔ کشمیر میں ہوئی تازہ برف باری سے سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڑ کیا گیا۔ وادی میں سرینگر کے بغیر تمام علاقوں میں چہارشنبہ کو ہلکی برف باری ہوئی تاہم سرینگر میں ہلکی بارش ہوئی۔ گلمرگ، پہلگام ،سونہ مرگ اور پیر پنچال کی چوٹیوں پر درمیانی درجے کی برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 تاریخ سے برف باری کے دوسرے مرحلے کا آغاز متوقع ہے۔ ادھر وادی کو ملک کے ساتھ جوڑنے والی واحد سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ کو بھاری برف باری اور بانہال علاقے میں شاہراہ پر پھسلن پیدا ہونے کے باعث احتیاطی طور پر ٹریفک کی نقل وحمل کیلئے بند رکھا گیا ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگرری سینٹی گریڈ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔