سری نگر: جموں و کشمیرکے کپواڑہ ضلع میں فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ فوج کے ساتھ تصادم میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول کے قریب کپواڑہ ضلع کے ماچھل سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کرنے والے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ مخصوص اطلاع پر فوج اور پولیس نے ماچھل سیکٹر کے علاقے کمکاڈی میں مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران سرحد پار سے آنے والے 2 دراندازوں کو مار گرایا گیا۔ دہشت گردوں سے اب تک دو اے کے رائفلیں، چار اے کے میگزین، گولیوں کے 90 راؤنڈ، ایک پاکستانی پستول، ایک پاؤچ اور 2100 روپے کی پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ۔
جائے وقوعہ پر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔جموں و کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ امن چاہتے ہیں اور انہوں نے پاکستان کی مجرمانہ حماقت کو پہچان لیا ہے جو نوجوانوں کو اپنے ہی لوگوں کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہا ہے۔ریاستی پولیس سربراہ، جو ادھم پور اور ریاستی اضلاع کے دورے پر ہیں، نے تربیت حاصل کرنے والے افسران اور جوانوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز مرکز کے زیر انتظام علاقے سے دہشت گردی کو بے اثر کرنے اور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔سنگھ نے کہا کہ سرگرم دہشت گردوں کی موجودگی میں کمی آئی ہے اور باقی دہشت گردوں کو ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔