الیکشن کمیشن نے کلکٹر رنگا ریڈی سے رپورٹ طلب کی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ وکاس راج نے مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کلکٹر رنگا ریڈی سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن کی شکایت پر چیف الیکٹورل آفیسر نے تحقیقات کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ضلع الیکشن آفیسر رنگاریڈی کو ہدایت دی ہے۔ نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے 8 اپریل کو چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ کے بوتھ سطح کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ اگر کانگریس پارٹی مرکز میں برسر اقتدار آتی ہے تو محمد علی جناح کا دستور نافذ کیا جائے گا۔ کشن ریڈی نے کانگریس کے انتخابی منشور کو مخالف ہندو قرار دیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے کیلئے کشن ریڈی نے یہ ریمارکس کئے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کانگریس پارٹی نے تلگو اخبارات میں شائع شدہ کشن ریڈی کی تقریر کا انگریزی ترجمہ الیکشن کمیشن کو پیش کیا ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت مذہبی جذبات کو انتخابی فائدہ کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ مکتوب میں کہا گیا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں کوئی بھی نکتہ ہندو مذہب کے خلاف نہیں ہے لیکن کشن ریڈی منشور کو مخالف ہندو قرار دے کر فرقہ وارانہ طرز پر مہم چلانا چاہتے ہیں۔ کشن ریڈی کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کلکٹر رنگا ریڈی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کوئی فیصلہ کرے گا۔1