کشٹوار میں حالات میں بہتری، دن کا کرفیو برخاست

   

جموں 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے فرقہ پرستی کے سب سے زیادہ حساس شہر کشٹوار سے کرفیو کو سہ شنبہ کے دن ایک ہفتہ تک نفاذ کے بعد ہٹالیا گیا۔ گزشتہ ہفتہ اس شہر میں آر ایس ایس کے ایک سینئر لیڈر اور اس کے محافظ کے قتل کے بعد یہاں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ تاہم کرفیو کے ساتھ ساتھ دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت رات میں امتناعی احکام لاگو رہیں گے۔ یہ بات ضلعی ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے بتائی۔ 9 اپریل کو کشٹوار اور اس کے نواحی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا کیوں کہ 9 اپریل کو آر ایس ایس کے سینئر قائد چندرا کانت شرما اور ان کے محافظ پر دہشت گردانہ حملہ ایک ہیلتھ سنٹر میں کیا گیا تھا جس سے یہاں پرتشدد احتجاج پھوٹ پڑا تھا۔ صورتحال میں بہتری کے سبب سہ شنبہ کو صبح 6 بجے کرفیو اُٹھالیا گیا اور فوج کو بھی اس شہر سے واپس طلب کرلیا گیا۔ رانا نے کہاکہ اس علاقہ میں امن کی بحالی کے باعث اور کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہونے سے حکام نے پابندیاں اُٹھالینے پر غور کرنا شروع کیا۔