کلکٹر کھمم مزمل خاں کا مارکٹ یارڈ اچانک دورہ ، عہدیداروں پر برہمی

   

کپاس کے کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت ادا کرنے تاجرین کو ہدایت
حیدرآباد۔/12 نومبر، ( سیاست نیوز)کھمم ضلع کلکٹر مزمل خاں نے کپاس کے کسانوں کے ساتھ تاجرین اور عہدیداروں کے رویہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کاشتکاروں کو تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے طئے شدہ قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ میڈیا میں یہ رپورٹس وائرل ہوئی تھیں کہ کھمم مارکٹ یارڈ میں کپاس کے کاشتکار تاجروں کے استحصال کا شکار ہیں۔ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کلکٹر مزمل خاں اچانک مارکٹ یارڈ پہنچ گئے۔ کاشتکاروں نے شکایت کی کہ کپاس کی من مانی قیمت طئے کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں وہ نقصان سے دوچار ہیں۔ کلکٹر نے عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور انتباہ دیا کہ اگر کپاس کے کاشتکاروں سے انصاف نہیں کیا گیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کھمم اگریکلچرل مارکٹ یارڈ میں کپاس کی قیمتیں گھٹ چکی ہیں۔ فی کنٹل 6100 روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ مارکٹ میں کپاس کے تقریباً 20 ہزار تھیلے فروخت کیلئے منتظر ہیں۔ قیمت میں اچانک گراوٹ سے کسان کافی پریشان ہیں۔ مزمل خاں نے عہدیداروں کے علاوہ بروکرس پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کاشتکاروں کو نقصان کی صورت میں کارروائی کی دھمکی دی۔ انہوں نے اقل ترین امدادی قیمت سے کم قیمت پر کپاس کی خریدی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کسانوں کو ایم ایس پی کے تحت قیمت دلانے کا تیقن دیا۔1