کورونا وائرس کے معائنے منفی، دو مشتبہ افراد شریک دواخانہ

   

حیدرآباد 4 فروری (سیاست نیوز) کورونا وائرس کے مزید دو مشتبہ متاثرہ افراد کو منگل کے روز فیور ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ طبی ادارہ کے ڈائرکٹر اور فیور ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شنکر نے کہاکہ چین میں زائداز 380 افراد کی موت کا سبب بننے والی اس وباء کورونا وائرس کے ایک بھی کیس کی تلنگانہ کے کسی بھی مقام پر شناخت نہیں ہوئی ہے۔ تاہم شبہ کی بنیاد پر 21 افراد کو فیور ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ان میں اکثر افراد حالیہ عرصہ کے دوران چین کا سفر کرچکے ہیں۔ 19 افراد کے معائنے پونے کی لیباریٹری میں منفی اثرات ہوئے ہیں اور آج شریک کئے گئے دو افراد کے معائنے ہنوز نہیں کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں کسی بھی وباء سے نمٹنے کے لئے تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جاچکے ہیں۔ فیور ہاسپٹل، گاندھی ہاسپٹل اور چیسٹ ہاسپٹل میں مشتبہ مریضوں کو سب سے الگ تھلگ رکھنے کے لئے تین خصوصی وارڈس قائم کئے گئے ہیں۔ ہر وارڈ 100 بستروں پر مشتمل ہے۔