کورونا پھیلانے کی دھمکی ، بھائی بہن کیخلاف مقدمہ

   

کھڑگاؤں۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع کھڑ گاؤں میں پولیس نے ایک 27 سالہ خاتون اور اس کے چھوٹے بھائی کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ دونوں کووِڈ۔ 19 کے مریض ہیں اور انہوں نے ضلع میں یہ خوفناک وباء پھیلانے کی دھمکی دی تھی۔ ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ کھڑگاؤں کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں جمعہ کو ان دونوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جب سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں یہ خاتون ضلع میں کووِڈ۔19 پھیلانے کی دھمکی دے رہی تھی اور اس کا بھائی ویڈیو بنارہا تھا۔ تاہم مقدمہ درج کئے جانے کے بعد خاتون نے ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ غصہ اور مایوسی کی حالت میں پہلے کا ویڈیو جاری کیا گیا تھا کیونکہ بعض رپورٹرس اس کے والد کے لئے مسائل اور پریشانی پیدا کررہے تھے جو خود بھی کورونا پازیٹیو ہے۔ کوتوال پولیس اسٹیشن کے انچارج للت سنگھ ڈاگر نے کہا کہ یہ خاتون اور اس کا 21 سالہ بھائی چین میں میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس ہوئے ہیں۔ ویڈیو پوسٹ کرنے پر ان دونوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں یہ دونوں ضلع کھڑگاؤں میں کورونا وائرس پھیلانے کی دھمکی دے رہے تھے۔