کورونا کے علاج کیلئے پلازما تھراپی موثر

   

پلازما عطیہ دینے وزیر صحت کی اپیل
حیدرآباد: کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے پلازما تھراپی کے بہتر نتائج کو دیکھتے ہوئے کئی مریضوں کے رشتہ داروں نے صحت یاب ہونے والے افراد سے پلازما کا عطیہ دینے کی اپیل کی ہے۔ سوشیل میڈیا میں اس طرح کی اپیلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران وزیر صحت ای راجندر نے کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں سے اپیل کی کہ وہ پلازما کا عطیہ دیتے ہوئے دیگر مریضوں کی جان بچائیں۔ وزیر صحت نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ کووڈ۔19 کے صحت یاب مریض پلازما کا عطیہ دے کر دوسرے مریضوں کی جان بچائیں۔ تلنگانہ میں پلازما ڈونرس کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے گورنر سوندرا راجن نے پلازما بینک کے قیام کی تجویز پیش کی ہے تاکہ مریضوں کا بہتر طور پر علاج کیا جاسکے۔ بعض صحت یاب مریضوں نے پلازما ڈونرس اسوسی ایشن کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹرس کا ماننا ہے کہ صحت یاب مریضوں کا پلازما موجودہ مریضوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور اس کی صحت یابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے پلازما ڈونیشن کیلئے باقاعدہ مرکز کے قیام کی سفارش کی ہے ۔