کورونا کے مسئلہ پر تلنگانہ گورنر کے موقف کو سابق گورنر کی تائید

   

علاج کیلئے بہتر سہولتوں کی ضرورت، ودیا ساگر رائو کی تجویز
حیدرآباد۔ سابق گورنر مہاراشٹرا اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سی ایچ ودیاساگر رائو نے تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال پر گورنر ٹی سوندرا راجن کے موقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستوری سربراہ کی حیثیت سے گورنر نے کورونا سے نمٹنے میں حکومت کی کوتاہیوں کو اجاگر کیا ہے۔ ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے گورنر کے خیالات اہمیت کے حامل ہیں اور انہوں نے مرض سے بہتر نمٹنے کے لیے حکومت کو تجاویز پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے حکومت کو ٹسٹنگ کے علاوں علاج کی سہولتوں میں مزید بہتری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ علاج کے لیے صرف گاندھی ہاسپٹل پر انحصار کرنے کے بجائے تمام 33 اضلاع میں کورونا ہاسپٹلس کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ودیاساگر رائو نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے لیے بہتر مواقع موجود ہیں۔ آنے والے دنوں میں بی جے پی ریاست میں مستحکم موقف میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی ایسی ریاستیں جہاں بی جے پی کا موقف تلنگانہ سے بھی کمزور تھا، وہاں پارٹی برسر اقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے علاج کو غیر مرکوز کرتے ہوئے غریبوں کو فائدہ پہنچانا ضروری ہے۔ ودیاساگر رائو نے کہا کہ بی جے پی کمزور طبقات کی نمائندگی کرتی ہے اور کوئی عجب نہیں کہ وہ تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے۔ ودیا ساگر رائو مرکز میں وزیر داخلہ کی حیثیت سے فرائض انجام دینے کے بعد گورنر مہاراشٹرا کے عہدے پر مقرر کئے گئے تھے۔ گورنر کی میعاد کے اختتام کے بعد وہ دوبارہ سیاست میں سرگرم ہوچکے ہیں۔