کوہلی کی 11 اننگز کے بعد سنچری،کئی ریکارڈز درج

   

جمائیکا۔13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیزکے خلاف سنچری بنائی ہے جوکہ ان کی 42 ویں سنچری ہے۔ کوہلی نے 10 چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 112 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ 41 ویں سنچری سے آگے بڑھنے میں کوہلی کو کافی وقت لگ گیا۔ انہوں نے 11 اننگز کے بعد اپنی سنچری مکمل کی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2017 میں بھی 11 اننگز کے بعد ونڈے سنچری بنائی تھی۔ اس وقت بھی کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی سنچری بنائی تھی۔کوہلی نے ورلڈ کپ میں 5 نصف سنچریاں بنائی تھیں لیکن ہرموقع پرسنچری سے دوررہ گئے تھے۔ کوہلی ونڈے میں کسی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ سنچری لگانے والے کپتان بن گئے ہیں۔ کوہلی نے بطورکپتان 6 سنچریاں بنائی ہیں۔ اس سے قبل رکی پونٹنگ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ سنچریاں بنائی تھیں۔ شکھردھون کے تیسری گیند پرآوٹ ہونے کے سبب وراٹ کوہلی پہلے اوورمیں ہی کریز پر آگئے تھے۔ویسے کسی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ سنچری بنانے کا ریکارڈ سچن تندولکرکے نام ہے، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 9 سنچریاں بنائی ہیں۔ تندولکرنے سری لنکا کے خلاف 8 ونڈے سنچریاں بنائی ۔ وہیںکوہلی تینوں ٹیموں سری لنکا، آسٹریلیا اورویسٹ انڈیز کے خلاف فی کس 8 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ کوہلی نے ونڈے میچوں میں اپنی 42 ویںسنچری لگائی۔سنچری اننگز کے دوران کوہلی نے 34 اننگز میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 2000 رنز پورے کئے جوکہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ کوہلی کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے کم اننگز میں 2000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ یہ کارنامہ انہوں نے 34 اننگز میں کیا ہے۔ یہ ریکارڈ روہت شرما کے نام تھا، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 37 اننگز میں 2000 رنز مکمل کئے ۔ کوہلی نے اپنی کپتانی میں 20 سنچریاں بنائی ہیں۔ وہیں 19 سنچری انہوں نے مہندرسنگھ دھونی، دو ویریندرسہواگ اورایک سنچری گوتم گمبھیرکی قیادت میں بنائی تھی۔