کویتا کے پرسنل اسسٹنٹ اور پی آر او سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ‘ ٹیلیفونس سے ڈیٹا حذف کرنے کی جانچ

   

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ (سیاست نیوز) شراب اسکام میں ای ڈی سے رکن کونسل کویتا کی گرفتاری کے بعد ان کے اسٹاف کیلئے بھی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ای ڈی حکام نے کویتا کے پرسنل اسسٹنٹ روہت راؤ اور پی آر او راجیش سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے جن کے تحت کئی موبائیل فون اور سم کارڈ استعمال کئے جارہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کویتا نے تفتیش میں بتایا تھا کہ ان کے اسٹاف ممبرس ایک سے زائد ٹیلیفونس اور سم کارڈس کا استعمال کر رہے تھے۔ ای ڈی نے جن موبائیلس کو ضبط کیا ، ان کے بارے میں کویتا نے کہا کہ فونس ان کے اسٹاف کے تحت تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کویتا کے اسٹاف کے موجود ٹیلی فونس کے ذریعہ دہلی شراب اسکام میں ملوث افراد کو کال کئے گئے تھے۔ گزشتہ سال کویتا نے 9 موبائیل فون جانچ کیلئے پیش کئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ تمام موبائیل فونس کو ری سیٹ کردیا گیا اور ان میں کوئی ڈیٹا نہیں ہے۔ اس بارے میں سوال پر کویتا نے لا علمی کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ یہ ٹیلیفون ان کے اسٹاف کے تحت تھے۔ انہوں نے ٹیلیفونس کو ری سیٹ کرنے اور ڈیٹا حذف کرنے کے بارے میں لا علمی کا اظہار کیا۔1