کویتی فوج میں خواتین کو بھرتی کرنے کی اجازت

   

کویت سٹی: کویتی فوج میں پہلی بار خواتین کو بھرتی کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ کویتی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل فیصلہ کیا گیا تھا کہ خواتین کو عسکری شعبے میں شامل کیا جائے گا۔ فیصلے پرعملدرآمد کرتے ہوئے آئندہ اتوار کے روز سے بھرتی کا آغاز کیا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق کویتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گریجویٹ’پلومہ ہولڈر‘ بارہویں‘ گیارہویں یا اس سے کم درجے کی تعلیمی قابلیت رکھنے والی خواتین نان کمیشنڈ آفیسر اور آفیسر کے لیے درخواستیں دے سکتی ہیں۔امیدوارخواتین کیلئے جاری شرائط میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کویتی ہوں، عمر کی حد 18 سے 26 برس ہو، عمر کی انتہائی حد سے پیشہ ورانہ اور فنی مہارت کے شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین مستثنیٰ ہوں گی، امیداوار خواتین صحت مند اور اچھے کردارکی مالک ہوں۔بھرتی کے لیے ایک شرط یہ بھی ہے کہ امیدوار خاتون فوجداری کے کسی مقدمے یا غیر اخلاقی سرگرمی، امانت میں خیانت جیسے کسی کیس کی سزا یافتہ نہ ہو، ڈگری کویت میں منظور شدہ ہو۔