کویت کے امیر مشعل الاحمد الجابر الصباح ترکیہ کے دورہ پر

   

انقرہ: کویت کے امیر مشعل الاحمد الجابر الصباح دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ترکیہ تشریف لا رہے ہیں۔کویتی امیر صباح جنہوں نے 16 دسمبر کو عہدہ سنبھالا تھا، آج عرب دنیا سے باہر اپنا پہلا سرکاری دورہ ترکیہ سے شروع کررہے ہیں۔سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والا یہ دورہ 7 سال بعد کویت سے ترکیہ کا امیر کی سطح کا پہلا دورہ ہے ۔امیر صباح کے دورے کے دائرہ کار میں ہونے والی بات چیت کے دوران علاقائی پیش رفت بالخصوص غزہ پر اسرائیل کے حملوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ان مذاکرات میں دو طرفہ ایجنڈے میں تجارت، دفاعی صنعت، سیاحت اور سرمایہ کاری جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔اس تناظر میں فریقین کے درمیان نئے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے ۔