حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی شریک حیات نارا بھونیشوری نے آج کپم میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ بھونیشوری نے چندرا بابو نائیڈو کے بجائے اسمبلی انتخابات میں کپم سے مقابلہ کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کارکنوں سے ردعمل ظاہر کرنے کی اپیل کی۔ اسمبلی انتخابات کیلئے ہر اسمبلی حلقہ کی سطح پر کارکنوں کے اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں۔ نارا بھونیشوری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپم کے عوام گذشتہ 35 برسوں سے چندرا بابو نائیڈو کو منتخب کررہے ہیں۔ اس مرتبہ میری خواہش ہے کہ چندرا بابو نائیڈو کو آرام دیتے ہوئے میں اس حلقہ سے مقابلہ کروں۔ انہوں نے کارکنوں سے سوال کیا کہ آپ لوگ مجھے ووٹ دیں گے یا چندرا بابو نائیڈو کو ووٹ دیں گے۔ اس سوال پر کارکنوں نے کہا کہ دونوں کو منتخب کریں گے۔ بھونیشوری نے کہا کہ وہ آج تک عملی سیاست سے دور رہی ہیں اور کبھی بھی انہوں نے سیاسی امور میں مداخلت نہیں کی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ چندرا بابو نائیڈو یا ان میں سے کسی ایک کا نام پیش کریں تاکہ الیکشن میں حصہ لیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو کپم کے بجائے کسی اور اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔1