کپڑے دھونے کی عام غلطیاں صحت کے لئے شدید نقصاندہ

   

ممبئی۔زیادہ تر لوگ ہفتے میں کم از کم ایک مرتبہ اپنے کپڑے دھوتے ہیں لیکن کپڑے دھوتے یا خشک کرتے وقت بہت سی عام غلطیاں بھی کرتے ہیں جن کا جلد پر براہ راست منفی اثر پڑتا ہے۔1۔صابن کا بہت زیادہ استعمال کرنا:کپڑے دھوتے وقت جب آپ ضرورت سے زیادہ صابن استعمال کرتے ہیں تو اس کی بقایاجات کپڑوں میں رہ جاتی ہیں جو جلد کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں،اگر اس کا خیال نہ رکھا جائے تو جلد میں زخم بھی بن سکتے ہیں۔2۔ کپڑوں کو اچھی طرح خشک نہ کرنا:بعض اوقات جب کپڑے مکمل طور پر خشک نہیں ہوتے ہیں تو کپڑوں میں فنگس پیدا ہونے کی وجہ سے انفیکشن ہو سکتا ہے۔اسی طرح ایسے کپڑوں کو لکڑی کی الماری میں رکھنے سے انتہائی بدبو پیدا ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اچھی طرح سے خشک نہ کئے ہوئے کپڑوں میں کئی اقسام کے بیکٹیریا پیدا ہوجاتے ہیں۔3۔مریضوںکے کپڑے ٹھنڈے پانی میں دھونا:مریضوں کے کپڑے الگ سے دھونے چاہییں اور اس کیلیے گرم پانی کا استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ ان کپڑوں میں موجود جراثیم کسی ایسے شخص کو منتقل نہ ہوں جو مریض سے براہ راست نہیں ملتا۔مریض کے کپڑے ایک سے زیادہ بار دھونے چاہییں اور خشک کرنے کے بعد کسی صاف صندوق میں رکھنے چاہییں۔4۔کپڑوں کو دھونے کے بعد نچوڑنے میں سستی کرنا:اپنی صحت کی حفاظت کے لیے کپڑوں کو دھونے کے بعد اچھی طرح نچوڑنا چاہیے کیونکہ صابن وغیرہ کپڑوں سے صرف داغ اور گندگی کو دور کرتے ہیں، بیکٹیریا کو ختم نہیں کرتے ہیں۔ماہرین جراثیم کے خاتمے کے لیے کپڑے دھونے کے بعد انہیں اچھی طرح نچوڑنے کا مشورہ دیتے ہیں۔5۔ کپڑوں کو گھر کے اندر خشک کرنا:سب سے عام غلطی کپڑے گھر کے اندر خشک کرنا ہے۔ کپڑوں کو براہ راست سورج کی روشنی میں خشک کرنا چاہیے۔ آپ کو یہ بھی خیال رکھنا چاہیے کہ کپڑے جیسے ہی خشک ہوں ان کے رنگ کو محفوظ رکھنے کے لیے دھوپ سے نکال دیں۔سورج کی روشنی بیکٹیریا کو ختم کرنے اور گیلے کپڑوں کی بو سے نجات دلانے میں بہت مدد کرتی ہے۔6۔کپڑے دھونے سے پہلے اسٹور کرنا:کئی دن تک گندے کپڑے جمع رکھنا اور دھونے سے پہلے انھیں صحیح طرح سے جمع نہ کرنا جراثیم پھیلانے کا سبب بنتا ہے۔ گندے کپڑوں کو ہاتھ لگانے کے بعد ہاتھ نہ دھونا بھی ایک عام غلطی ہے۔