کھاد کیلئے شدید سردی میں کسان قطار میں ٹھہرنے پر مجبور: شلیجا

   

چنڈی گڑھ : ہریانہ کانگریس صدر کماری شیلجا نے آج الزام لگایا کہ کھاد کا انتظام کرنے میں بی جے پی – جے جے پی اتحادی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے شدید سردی کے باوجود کسان لائنوں میں لگنے کے لئے مجبور ہیں۔یہاں جاری ایک بیان میں کماری شیلجا نے کہا کہ ریاستی حکومت ‘میری فصل میرا بیورا’ پورٹل پر کسانوں سے ان کی بوئی گئی فصلوں کی معلومات بھرواتی ہے ۔اس پر تفصیل نہ دینے والوں کی فصل کو منڈیوں میں خریدنے سے انکار کرتی ہے لیکن،اسی ریکارڈ کے مطابق کھاد کا انتظام نہ کرکے کسانوں کا استحصال کررہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ دھان کی کٹائی کے بعد جب کسانوں کو گیہوں کی بجائی کے لئے کھاد کی ضرورت تھی تب بھی انہیں کھاد کے بجائے پولیس لاٹھیاں ملی تھیں۔ اس کے بعد تین مہینے سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود انہیں ضرورت کے مطابق کھاد نہیں مل رہی ہے ۔