کیرالا کی طرح این پی آر پر روک لگائی جائے

   

اتم کمار ریڈی کا چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب، صرف قرارداد کافی نہیں
حیدرآباد ۔9۔ مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے این پی آر پر یکم اپریل سے عمل آوری روکتے ہوئے جی او جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کیرالا حکومت کی جانب سے این پی آر کے عمل پر جاری کردہ حکم التواء کے احکامات کی نقل کے سی آر کو روانہ کی اور مطالبہ کیا کہ کیرالا حکومت کی طرز پر این پی آر پر روک لگائی جائے اور جی او جاری کیا جائے ۔ انہوں نے اسمبلی میں شہریت قانون این آر سی اور این پی آر کے خلاف قرارداد کی منظوری سے متعلق چیف منسٹر کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ صرف قرارداد کی منظوری سے ریاست میں این پی آر کے کام کو روکا نہیں جاسکتا۔ سرکاری عہدیداروں اور محکمہ جات میں پائی جانے والی الجھن دور کرنے کیلئے حکومت کو چاہئے کہ بعض دیگر ریاستوں کی طرح جی او جاری کرے۔ انہوں نے کیرالا حکومت کی جانب سے 20 ڈسمبر کو جاری کردہ جی او کی نقل روانہ کی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ این پی آر دراصل ملک میں این آر سی پر عمل آوری کا پہلا قدم ہے۔ این پی آر کے اعداد و شمار اور تفصیلات کو این آر سی کے لئے استعمال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت فرقہ وارانہ عزائم کے ساتھ این پی آر پر عمل کرنا چاہتی ہے تاکہ مستقبل میں این آر سی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد کی منظوری صحیح سمت میں پیشرفت ہے ۔ تاہم فرقہ واریت کی بنیاد پر سیاہ قوانین پر عمل آوری کو روکنے کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے خواہاں طاقتوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ اتم کمار ریڈی نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت کی مخالف شہریت قانون ، این آر سی اور این پی آر قرارداد کی کانگریس پارٹی مکمل تائید کرے گی ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت سے اپیل کی کہ کیرالا کی طرز پر احکامات جاری کرتے ہوئے ریاست سے سخت پیام روانہ کیا جائے تاکہ بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کی مخالفت کی جاسکے ۔