کیرالہ میں نپاہ وائرس کا ایک اور کیس ملنے سے مچا ہڑکمپ، پڑوسی ریاست میں خوف و ہراس، جاری کیا سرکلر

   

 کیرالہ میں نپاہ وائرس کے معاملات تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ نپاہ وائرس سے متاثرہ مریضوں میں اب تک دو لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ نپاہ وائرس سے دو لوگوں کی موت کے بعد ریاستی حکومت مکمل الرٹ موڈ میں آگئی ہے اور کئی طرح کی ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔ کوزی کوڈ کے ایک اسپتال میں زیر نگرانی رکھے گئے 39 سالہ شخص میں نپاہ وائرس کے ایک اور معاملے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کی تصدیق وزیر صحت کے دفتر نے کی ہے۔دوسری جانب کیرالہ میں نپاہ وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے اب جنوبی ہندوستان کی دوسری ریاست کرناٹک بھی الرٹ موڈ میں آگئی ہے۔ نیپاہ وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں کرناٹک حکومت کی جانب سے ایک سرکلر بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، عام لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ہی کیرالہ کے متاثرہ علاقوں کا سفر کریں۔ کرناٹک حکومت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کیرالہ کے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سرکلر میں، کرناٹک حکومت نے خاص طور پر کرناٹک کے سرحدی اضلاع کیرالہ، کوڈاگو، دکشینہ کنڑ، چامراج نگر اور میسور میں نگرانی کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔