کیش فار کوئری کیس: مہوا موئترا کی لوک سبھا کی رکنیت ختم

,

   

مجھے جھکانے کیلئے ہر اصول توڑا گیا ، ترنمول کانگریس ایم پی مہوا موئترا کا ردعمل

نئی دہلی : لوک سبھا نے جمعہ کو ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کی رکنیت ندائی ووٹ سے منسوخ کردی۔موئترا سے متعلق اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ آج ہی لوک سبھا میں پیش کی گئی۔ ان پر ‘پیسے لیکر سوال پوچھنے ‘ کا الزام تھا اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ آج لوک سبھا میں پیش کی گئی، جس کی سفارش کی بنیاد پر ان کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے موئترا کی رکنیت منسوخ کرنے کی تجویز پیش کی جسے ایوان میں صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ قبل ازیں ایتھکس کمیٹی کی رپورٹ پر کچھ دیر ایوان میں بحث ہوئی جس کے بعد اسے منظور کر لیا گیا۔ رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد مختصر بحث ہوئی جس میں اپوزیشن جماعتوں، خاص طور پر ترنمول کانگریس نے اسپیکر سے بار بار درخواست کی کہ موئترا کو ایوان میں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے ، لیکن اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ کی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے رکن پارلیمنٹ ونود کمار سونکر کی سربراہی میں اس معاملے پر تشکیل دی گئی کمیٹی نے 9 نومبر کو اپنی میٹنگ میں ‘پیسے لینے اور ایوان میں سوال پوچھنے کے الزام میں موئترا کی لوک کی رکینت ختم کرنے کی سفارش کی تھی۔ ‘ کمیٹی کے دس میں سے چھ اراکین نے رپورٹ کے حق میں ووٹ دیا۔ اپوزیشن کے چار اراکین نے رپورٹ پر اتفاق نہیں کیا۔ بی جے پی کے نشی کانت دوبے نے موئترا کے خلاف یہ شکایت کی تھی۔جیسے ہی کمیٹی کے چیئرمین نے رپورٹ پیش کی، کانگریس اور ترنمول کے اراکین اسپیکر کی کرسی کے قریب آگئے اور رپورٹ کی کاپی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی۔ ترنمول کانگریس کے کلیان بنرجی نے ووٹنگ سے پہلے رپورٹ کی سفارشات پر بحث کا مطالبہ کیا۔ مہوا موئترا کو نکالنے کے لیے جیسے ہی ایوان میں ووٹنگ شروع ہوئی اپوزیشن نے اس کا بائیکاٹ کردیا۔ووٹنگ کے بعد لوک سبھا اسپیکر نے مہوا موئترا کے خلاف برخاستگی کی تحریک منظور کی۔ لوک سبھا سے نکالے جانے کے بعد مہوا موئترانے کہا کہ لوک سبھا کی اخلاقیات کمیٹی نے مجھے جھکانے کے لیے بنائی گئی اپنی رپورٹ میں ہر اصول کو توڑا۔
اس سے پہلے بھی بحث کے دوران لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے مہوا موئترا کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں پیانل میٹنگ میں بولنے کا موقع ملا۔ایوان سے نکالے جانے کے بعد مہوا موئترا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کو میرے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے لیکن مجھے جان بوجھ کر پھنسایا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آپ مجھے کتنی ہی تکلیف دیں، میں ہر بار اپنے خیالات کا اظہار کروں گی۔مزید یہ کہ مہوا موئترا نے الزام لگایا کہ میں نے ایوان میں اڈانی کا مسئلہ اٹھایا تھا ،اس لیے ایسا کیا گیا ہے اور میری رکنیت ختم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔ ایتھکس کمیٹی نے مسئلے کی جڑ تک پہنچے بغیر مجھے قصوروار ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ حلف نامے میں کچھ اور ہے اور یہاں کچھ اور پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایتھکس کمیٹی کے تحقیقاتی عمل پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ کمیٹی نے مکمل تحقیقات نہیں کیں۔مہوا موئترا نے سوال اٹھایا ہے کہ الزامات لگانے والے تاجر کو کیوں نہیں بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران انہیں بلایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایوان کو نکالنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے خلاف پورا کیس لاگ اِن کی تفصیلات شیئر کرنے پر مبنی ہے، لیکن اس پہلو کے لیے کوئی اصول مقرر نہیں ہے۔مہوا موئترا نے یہ بھی کہا کہ ارکان پارلیمنٹ عام عوام کے سوالات کو پارلیمنٹ تک لے جانے میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں، ‘کینگارو کورٹ (غیر قانونی عدالت) نے مجھے بغیر کسی ثبوت کے سزا دی۔ واضح رہے کہ مہوا موئترا پر پیسے لینے اور ایوان میں سوال پوچھنے کا الزام ہے۔