کے سی آر، ملک گیر سطح پر کسانوں کیلئے امید کی کرن

   

ظہیرآباد میں سماجی جہد کار ولی سنت کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر ٹی ہریش راؤ کا خطاب

ظہیرآباد۔ 11 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) معروف سماجی جہد کار و کسان قائد دلی وسنت نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ریاستی وزیر خزانہ و صحت ٹی ہریش راؤ نے یہاں این کنونشن ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنا کرشامل کرلیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کے نعرہ ’’ اب کی بار کسان سرکار‘‘ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کئی اسکیمات کو روبعمل لایا گیا ہے ۔ جن میں مفت بجلی ، اعلیٰ قسم کے تخم اور کھاد کی فراہمی ، کسانوں کی فصل خریدی کے لئے مراکز کا قیام اور آبپاشی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے کسان قائدین ، مہاراشٹرا میں بی آر ایس قائم کرنے کے لئے کے چندرشیکھرراؤ کو دعوت دے رہے ہیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دلی وسنت کاشت کاروں کی آواز بن کر ظہیرآباد سے دہلی تک 2000 ہزار کلومیٹر کی پد یاترا کی تھی جو ایک ناقابل فراموش اور قابل ستائش اقدام ہے۔ ریاستی چیف منسٹر ملک گیر سطح پر کسانوں کے لئے ایک امید کی کرن بن کر ابھر رہے ہیں ۔ اس تقریب کی صدارت ڈی سی ایم ایس چیرمین نے کی جب کہ رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل ، رکن اسمبلی ظہیرآباد کونینٹی مانک راؤ ، رکن اسمبلی اندول کرانتی کرن ، سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر ، صدر نشین اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن محمد تنویرالدین اور سابق رکن اسمبلی ناندیڑ مہاراشٹرا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ظہیرآباد ٹاون کو گلابی رنگ میں رنگ دیا گیا تھا اور وزیر ٹی ہریش راؤ کوکرین کے ذریعہ ایک بڑا پھولوں کا ہار باجہ نوازی اور آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ پہنایا گیا ۔ اس موقع پر مختلف دیہاتوں سے آنے والے پرہجوم حامیوں نے فقیدامثال استقبال کیا۔