کے سی آر تلنگانہ کو ترقی یافتہ ریاست بنانے میں ناکام: لکشمن

   

حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگسٹ (این ایس ایس) تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن نے اتوار کو الزام عائد کیا کہ حکمراں ٹی آر ایس کانگریس پارٹی سے خفیہ ساز باز کے ساتھ اوچھی سیاست میں ملوث ہورہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کو قرض کے بوجھ سے بدحال کردیا ہے۔ لکشمن نے نمائش میدان پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر کو طنز و مذاق کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ تلنگانہ کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں اور پھر علاقہ رائلسیما کو موتیوں کا مقام بنانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ لکشمن نے کے سی آر کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی حکومرانی میں ریاست میں سرکاری اسکول بند ہورہے ہیں اور بارس (شراب خانوں) کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ آروگیہ شری اسکیم کی معطلی کے سبب غریب افراد متاثر ہورہے ہیں۔