کے ٹی آر کی امداد سے صحتیاب طالبہ ایس ایس سی میں کامیاب

   

برین ٹیومر کے آپریشن کیلئے کے ٹی آر نے مدد کی تھی

حیدرآباد۔ 3 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کی بروقت مدد کے نتیجہ میں ایک طالبہ نے ایس ایس سی امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔ 2020 میں برین ٹیومر کے عارضہ کی شکار ایک طالبہ کے علاج کے لئے کے ٹی آر نے بھاری رقم کا عطیہ دیا تھا۔ ایس ایس سی میں کامیابی کے بعد بالامرائی علاقہ سے تعلق رکھنے والی سرنیا نے اپنے والد کے نارائنا اور والدہ راجیشوری کے ساتھ کے ٹی آر سے ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا۔ کے ٹی آر نے بروقت طبی امداد کے ذریعہ نہ صرف لڑکی کی جان بچائی بلکہ اس کے مکمل علاج کے ذریعہ تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔ 2019 میں سرنیا کو برین ٹیومر ظاہر ہوا اور علاج کے لئے 20 لاکھ روپے درکار تھے۔ آروگیہ شری اسکیم سے استفادہ کی اہلیت نہیں تھی اور یہ خاندان انڈو امریکن بسواتارکم ہاسپٹل میں علاج کی جدوجہد کررہا تھا۔ 2020 میں کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا پر سرنیا کے افراد خاندان کی اپیل کو دیکھنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ان کی آفس نے سرنیا کے ہاسپٹل میں داخلہ کو یقینی بنایا اور سرجری، ریڈیشن تھراپی اور میڈیکل ٹسٹ مفت انجام دیئے گئے۔ کے ٹی آر نے دیگر طبی اخراجات کی تکمیل کی۔ سرنیا نے ایس ایس سی امتحانات میں کامیابی کے بعد کے ٹی آر سے نندی نگر قیام گاہ پر ملاقات کی اور فوری طبی امداد پر اظہار تشکر کیا۔ کے ٹی آر نے مستقبل میں بھی سرنیا کی اعلیٰ تعلیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔ 1؍F