گاؤکشی او ر گائیوں کی اسمگلنگ میں ملوث افراد دہشت گرد

   

بی جے پی لیڈر گیان دیو اہوجہ کا دعویٰ
جئے پور ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان بی جے پی یونٹ کے نائب صدر گیان دیو اہوجہ نے کہا ہے کہ گائیوں کے اسمگلرس ’ دہشت گردوں ‘ جیسے ہوتے ہیں اور کانگریس کی نو منتخبہ حکومت سے گائیوں کی اسمگلنگ اور گاؤکشی سے تحفظ کے لئے احتیاطی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوںنے اسور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ گائیوں کی اسمگلنگ او ر ذبیحہ گاؤ میں ملوث افراد کو میں دہشت گرد تصور کرتا ہوں جو اپنی حرکات سے باز نہیں آتے ۔ یہ بھی بڑی عجیب بات ہے کہ کانگریس قائدین اس لعنت کے خلاف احتجاج نہیں کرتے ۔ اب وہ (کانگریس) اقتدار میں ہیں ۔ اس قسم کے جرائم روکنے کے لئے انہیں کام کرنا چاہئیے ‘ ۔ ایک 23 سالہ نوجوان صغیر احمد کو اتوار کے روز گائیوں کی منتقلی کے دوران اسور میں مقامی ہجوم کے ہاتھوں زدوکوب کے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے اہوجہ نے کہا کہ یہ (ہجومی تشدد) قتل یا عصمت ریزی جیسا منصوبہ بند جرم نہیں ہوتا بلکہ کسی مسئلہ پر عوام کا فطری عمل ہوتا ہے ۔