گاؤں کی ترقی ہی ہندوستان کی اصل ترقی : شیوراج

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ گاؤں کی ترقی ہی صحیح معنوں میں ملک کی ترقی ہے ۔ ہمارا مقصد دیہی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی ہے ۔ چوہان جیل روڈ پر وکاس بھون کم ای گورننس سینٹر کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ ویدک منتروں کے ساتھ پوجا کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے وکاس بھون کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گاؤں کی تصویر بدلنے کے لیے نئی عمارت میں نئے جوش، ولولے اور ترقی کی نئی امنگوں کے ساتھ کام کریں۔ ریاست کے گاووں کو تعلیمی، تجارتی اور اقتصادی لحاظ سے خود کفیل بنانے کے لیے پالیسیاں بنائیں۔ ریاست کے گاووں کو اس طرح ترقی دیں کہ گاووں سے شہروں کی طرف نقل مکانی رک جائے اور شہروں سے لوگ بھی گاؤں میں آباد ہوں۔