گاندھی خاندان ہی کانگریس پارٹی کو متحد رکھ سکتا ہے

,

   

دوسرے قائدین کی مقبولیت اور عوام تک رسائی محدود : ششی دھر ریڈی کا بیان
حیدرآباد 24 مئی ( پی ٹی آ:ی ) سینئر کانگریس لیڈر مری ششی دھر ریڈی نے آج کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کراری شکست کے بعد گاندھی خاندان کو پارٹی قیادت سے دور کردینا مسئلہ کا حل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے قائدین پارٹی کو متحد نہیں رکھ پائیں گے ۔ چار مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ششی دھر ریڈی نے کہا کہ پارٹی کیلئے گاندھی خاندان ایک دوسرے کو متحد رکھنے کی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو یہی خاندان متحد رکھ سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ انہوں نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب کچھ گوشوں سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ گاندھی خاندان کو قیادت کو چھوڑ کر دوسروں کیلئے موقع فراہم کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان کے ارکان کا ان عہدوں سے استعفی پیش کردینا مسئلہ کا حل نہیں ہے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی خاندان صرف افراد پر مشتمل نہیں ہے ۔ یہ خاندان پارٹی کو متحد رکھنے کا عنصر ہے ۔ ایسا کئی دہوں سے چل رہا ہے اور درمیان میں کچھ وقفے بھی آئے ہیں جب گاندھی خاندان کے ارکان قیادت پر نہیں تھے ۔ اس وقت بھی نتائج اچھے نہیں رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی لوک سبھا انتخابات میں جو امیدیں تھیں وہ پوری نہیں ہوسکی ہیں ۔ یہ بھی نہیں کہا جاسکتا کہ کوئی اور پارٹی صدر ہوتا تو حالات مختلف ہوسکتے تھے ۔ اس سوال پر کہ آیا ان کے خیال میں گاندھی خاندان ہی کا کوئی فرد پارٹی کو متحد رکھ سکتا ہے ششی دھر ریڈی نے کہا کہ یقینی طور پر ایسا ہی ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جس طرح سے راہول گاندھی نے پارٹی کو متحد رکھا ہے کوئی اور لیڈر شائد پارٹی کو ایسا متحد نہ رکھ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک وسیع و عریض ملک ہے اور اتنے بڑے ملک میں کسی دوسرے لیڈر کے پاس عوام تک پہونچنے کی وہ صلاحیت نہیں ہے جو راہول گاندھی میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو عوام تک رسائی حاصل کرسکے اور ان پر اثر انداز ہوسکے ۔ دوسرے قائدین بھی باصلاحیت ہیں لیکن ان کی عوام تک رسائی محدود ہے ۔ انتخابات میں پارٹی کی شکست کے تعلق سے سوال پر ششی دھر ریڈی نے کہا کہ پارٹی ایک بہترین منشور تیار کیا تھا لیکن شائد یہ عوام تک بہتر انداز میں پہونچایا نہیں جاسکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پارٹی کی صورتحال کو بہتر بناسکتے ہیں۔