سر منڈوانے پر ایپ کا پہچاننے سے انکار، مزدور کے گنجے سر کو خاتون بال سے ڈھانپا تو ایپ نے اس کو قبول کرلیا
حیدرآباد۔ 29 مئی (سیاست نیوز) ضلع محبوب آباد سے ایک انتہائی حیرت انگیز رپورٹ سامنے آئی ہے حکومت کی جانب سے دیہی روزگار ضمانت اسکیم (MGNREGS) کے تحت مزدوروں کی حاضری درج کرنے کے لئے متعارف کرائے گئے نئے فیشل ریکگنیشن‘‘ (چہرے کی شناخت) کے سافٹ ویر میں ایک عجیب و غریب فنی خرابی سامنے آئی ہے۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب ایک مزدور اپنا سر منڈوانے کے بعد کام پر پہنچا لیکن موبائیل ایپ نے اس کے چہرے کو پہچاننے سے صاف انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع محبوب آباد کے انگورتی منڈل کے تحت آنے والے کوماٹی پلی گاؤں کے رہائشی ایم سرینو نے دو دن قبل ایک مندر کے دورہ پر گئے تھے جہاں وہ منت کے طور پر اپنا سر منڈوایا جب دوسرے روز روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کام پر پہنچا تو وہاں موجود فیلڈ اسسٹنٹ نے نیشنل موبائیل مانیٹرنگ سسٹم (NMMS) ایپ کے ذریعہ ان کے چہرے کی حاضری لگانے کی کوشش کی تاہم سر منڈوانے کی وجہ سے سافٹ ویر نے ان کا چہرہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔ بار بار کی کوششوں کے باوجود حاضری درج نہ ہونے پر مذکورہ مزدور شدید ذہنی پریشانی اور شرمندگی کا شکار ہوگیا۔ اس دوران وہاں موجود ایک اور خاتون مزدور نے اس مشکل کا ایک انتہائی دلچسپ حل نکالا۔ انہوں نے اپنے بال آگے پھیلاکر مزدور کے گنجے سر کو اس طرح ڈھانپا جیسے سر پر بال موجود ہوں جس کے بعد جوں ہی تصویر لی گئی ایپ نے فوری طور پر حاضری قبول کرلی۔ اس پورے واقعہ کے دوران کسی نے اس دلچسپ منظر کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جو اب وائرل ہو چکی ہے۔ اس واقعہ نے روزگار ضمانت اسکیم کے تحت استعمال ہونے والے جدید ترین سافٹ ویر کی کارکردگی اور اس کی تکنیکی خامیوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔ 2؍F m/b/