گریٹر حیدرآباد میں بی آر ایس کو مزید سیاسی جھٹکے لگنے کے امکانات

   

مئیر حیدرآباد سے دیپا داس منشی کی ملاقات ، بی آر ایس کے 20 تا 25 کارپوریٹرس کانگریس سے رابطہ میں
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کو مزید سیاسی جھٹکے لگنے کے امکانات نظر آرہے ہیں ۔ مئیر حیدرآباد جی وجئے لکشمی کے بشمول 20 تا 25 بی آر ایس کے کارپوریٹر کانگریس سے رابطہ میں آگئے ہیں ۔ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو شکست ہوئی مگر گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بی آر ایس نے شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ تاہم لوک سبھا انتخابات سے قبل بڑی تیزی سے سیاسی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ابھی تک بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی وقار آباد کی ضلع پریشد صدر نشین سنیتا مہیندر ریڈی سابق وزیر ایم ایل سی مہیندر ریڈی ، سابق رکن اسمبلی ٹی کرشنا ریڈی ، سابق مئیر بی رام موہن ، سابق ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین موجودہ ڈپٹی مئیر سری لتا ریڈی رکن اسمبلی ناگیندر اور دوسرے قائدین بی آر ایس سے مستعفی ہو کر کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں ۔ اس کے علاوہ مزید 20 تا 25 بی آر ایس کے کارپوریٹرس کانگریس پارٹی سے رابطے میں ہیں ۔ اگر مئیر جی وجئے لکشمی کانگریس میں شامل ہوتی ہیں تو مزید کارپوریٹرس کے کانگریس میں شامل ہونے کے امکانات ہیں ۔ تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپا داس منشی چیف منسٹر کے سیاسی مشیر ایم نریندرا ریڈی اور خیریت آباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر روہن ریڈی نے بنجارہ ہلز میں بی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی قیام گاہ پر مئیر حیدرآباد جی وجئے لکشمی سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں ڈاکٹر کے کیشو راؤ موجود تھے یا نہیں اس کی اطلاع نہیں ہے ۔ تقریبا 40 منٹ تک بات چیت ہوئی ۔ دیپاداس منشی نے مئیر حیدرآباد کو کانگریس میں شامل ہونے کی دعوت دی ۔ کانگریس میں شامل ہونے پر سیاسی مستقبل روشن ہونے کا یقین دلایا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مئیر حیدرآباد نے پارٹی کارکنوں سے مشاورت کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا یقین دلایا ۔ دو مرتبہ کامیاب بنانے والے کارکنوں کی رائے حاصل کرنے کے بعد فیصلہ کریں گی ۔ وجئے لکشمی بی آر ایس کے جنرل سکریٹری و رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ کی دختر ہے ۔ 2016 کے جی ایچ ایم سی انتخابات میں وجئے لکشمی پہلی مرتبہ بنجارہ ہلز ڈیویژن سے بی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ 2021 میں دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے مئیر منتخب ہوئی ۔۔ 2