گفٹ اے اسمائل پروگرام کے تحت طلبہ میں ٹیبلٹس کی تقسیم

   

گمبھی راؤپیٹ،سرسلہ۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرسلہ اسمبلی حلقہ میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ٹاپ 30 طلبہ کو ’’گفٹ اے اسمائل‘‘ پروگرام کے تحت ٹیبلٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر سرسلہ کے رکن اسمبلی، سابق وزیر اور بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے گیتا نگر ضلع پریشد ہائی اسکول میں منعقدہ تقریب میں طلبہ کو ٹیبلٹس فراہم کرتے ہوئے اُنہیں مبارکباد دی۔کے ٹی آر نے کہا کہ طلبہ کی محنت اور صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ اعزازی تحائف دیے جارہے ہیں، جو انہیں مزید بلند مقاصد حاصل کرنے کی ترغیب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں ٹیکنالوجی کا علم نہایت اہم ہے اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ ان ٹیبلٹس کو اپنی تعلیمی ترقی اور مستقبل کی کامیابیوں کے لیے استعمال کریں۔تقریب میں گیتا نگر ضلع پریشد ہائی اسکول کی ہیڈ مسٹریس شاردا، اساتذہ، سرسلہ میونسپل چیئرمین، کونسلرز، بی آر ایس ضلع صدر توٹا آگیا، پارٹی قائدین، عوامی نمائندے اور طلبہ کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔’’گفٹ اے اسمائل‘‘ پروگرام کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کی یہ کاوش سرسلہ میں تعلیم اور طلبہ کے روشن مستقبل کیلئے کے ٹی آر کی دلچسپی اور عزم کی عکاس قرار دی گئی۔