عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، سیکوریٹی اور انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے واضح کیا ہے کہ تلنگانہ حکومت ریاست بھر میں گنیش اتسو کے تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے ۔ چیف منسٹر نے آج گنیش تہوار کی تیاریوں ، سیکوریٹی ، ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے انکشاف کیا کہ ان کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد عوامی نمائندوں اور منڈپم منتظمین کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کی جارہی ہے اور اس کی فوری یکسوئی بھی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گنیش منڈپوں کو مفت برقی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جس کی سارے ملک میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی ۔ چیف منسٹر نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ متعلقہ حکام کو پیشگی درخواست دیں اور اس سہولت کا بھر پور فائدہ اٹھائیں اور مقامی پولیس کو اپنے منڈپ کے انتظامات کی مکمل معلومات فراہم کریں ۔ پولیس کو بروقت معلومات ملنے سے نہ صرف ٹریفک کنٹرول اور پولیس سیکوریٹی کو موثر بنایا جاسکے گا بلکہ کسی بھی غیر متوقع پیشرفت کی صورت میں فوری کارروائی میں مدد ملے گی ۔ چیف منسٹر نے حکام کو ہدایت دی کہ گنیش وسرجن کیلئے تالابوں اور جھیلوں میں اسی طرز کے وسیع انتظامات کیے جائیں جس طرح بتکماں تہوار کے موقع پر کئے جاتے ہیں ۔ وسرجن کے تمام اہم تالابوں پر گنیش مورتیوں کو منتقل کرنے کیلئے کرینیں اور روشنی کے انتظامات کئے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ میونسپل اور محکمہ پولیس تہوار کے اختتام تک مسلسل مانیٹرنگ کریں ۔ اس مقصد کیلئے حیدرآباد کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے زور دے کر کہا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری تبھی آئے گی جب حیدرآباد میں امن و امان قائم رہے گا ۔ انہوں نے عہدیداروں اور منتظمین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یقین دیا کہ حکومت کسی بھی مسئلے کو فوری حل کرنے تیار ہے ۔۔ 2/a/b