گنیش وسرجن جلوس کا پرامن اختتام ‘ موہن بھاگوت کی شرکت

,

   

پولیس کے وسیع تر انتظامات ۔ وزیر داخلہ و ڈی جی پی نے فضائی سروے کیا

حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں گنیش وسرجن جلوس کا پر امن اختتام کو پہنچا ۔ جلوس کے موقع پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے معظم جاہی مارکٹ کے علاوہ چارمینار کے دامن میں گنیش جلوس کا خیر مقدم کیا ۔ معظم جاہی مارکٹ پر اشتعال انگیزی کے بغیر تقریر کے دوران جلوسیوں کو ماں باپ کے احترام کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں گنیش جلوس شاندار طریقہ سے نکالاجار ہا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ لوک مانیہ تلک اگر آج موجود ہوتے یہ منظر دیکھ کر خوش ہوتے کیونکہ انہو ںنے جس مقصد کے تحت یہ جلوس شروع کیا وہ آج پورا ہورہا ہے اور ملک بھر میں ہندو مذہب کے ماننے والے اپنے اتحاد کا عظیم مظاہرہ کر رہے ہیں۔دونوں شہروں کے مختلف علاقوں سے گنیش جلوس پر امن طریقہ سے گذرا ۔ مرکزی جلوس کا آغاز صبح بالاپور سے ہوا اور پرانے شہر کے حساس علاقوں سے گزرتا ہوا حسین ساگر جھیل پر اختتام کو پہونچا ۔ پرانے شہر سے جلوس کی گذرگاہوں پر پولیس کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کمشنر انجنی کمار کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار بشمول جوائنٹ کمشنر پولیس سی سی ایس جو ساؤتھ زون کے انچارج ڈی سی پی بھی ہیں کی نگرانی میں جلوس پرامن رہا ۔ چارمینار کے قریب جلوس کا خیر مقدم کرنے خصوصی شہ نشین نصب کیا گیا تھا جہاں سے مختلف تنظیموں کے قائدین نے خطاب کیا۔ جلوس کی نگرانی کیلئے شہر میں 20 ہزار پولیس اہلکاروں کو متعین کیا گیا تھا اور سائبرآباد کے علاوہ رچہ کنڈہ میں 15ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ریاپڈ ایکشن فورس اور نیم فوجی دستوں کو بھی شہر کے حساس مقامات پر تعینات کیا گیا تھا ۔ خیریت آباد کا سب سے بڑے گنیش کو جو دوپہر میں وسرجن کیلئے نکالا گیا تھا اور سہ پہر اس کا وسرجن عمل میں لایا گیا ۔ جلوس کے دوران وزیر داخلہ جناب محمود علی نے ریاستی وزیر ٹی سرینواس راؤ کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہندر ریڈی ،پولیس کمشنر انجنی کمار کے ہمراہ فضائی دورہ کیا ۔ اس موقع پر ڈی جی پی مہندر ریڈی نے کہا کہ دونوں شہروں میں نصب کئے گئے 5لاکھ کیمروں کے ذریعہ جو کہ کمانڈ کنٹرول سے مربوط تھے ان کے ذریعہ مرکزی جلوس پر راست طورپر نگرانی رکھی جارہی ہے ۔ شہر میں چارمینار سے جلوس گذر جانے پر ڈی جی پی نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ جلوس کی گذرگاہوں کے علاوہ ٹینک بنڈ پر بلدیہ حیدرآباد‘ محکمہ آبرسانی اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے انتظامات کئے گئے تھے۔جلوس کے دوران گنیش اتسو سمیتی نے موہن بھاگوت کے علاوہ سوامی پرگیانند ا بانی پرگنا مشن ہریدوار ‘ آلے شیام اور دیگر کو مدعو کیا تھا۔ اس مرتبہ شہر میں گنیش جلوس پر کشمیر کے خصوصی موقف کے خاتمہ کا اثر دیکھا گیا اور بعض مقررین نے اس پر معظم جاہی ماکٹ پر شرانگیز تقاریر کی اور کہا کہ ملک بیرونی دہشت گردی سے نمٹنے میں کامیاب ہوچکا ہے اور اب اندرون ملک دہشت گردی کا سامنا ہے۔