گنیش پنڈال کے قریب لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، 55 افراد گرفتار

   

حیدرآباد : /21 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی شی ٹیم نے 55 افراد کو گرفتار کرلیا جو گنیش پنڈال کے قریب لڑکیوں اور خواتین سے بدسلوکی کرتے ہوئے پائے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 2023ء گنیش تہوار کے آغاز کے بعد سے ہی شی ٹیم عملہ سرگرم ہوگیا تھا اور شہر کے مختلف گنیش پنڈال بشمول خیریت آباد بڑا گنیش کے پاس بھی اپنی کڑی نظر رکھی تھی ۔ شی ٹیم نے اندرون 3 دن 55 افراد کو اُس وقت گرفتار کرلیا جب وہ گنیش کے درشن کیلئے پہنچنے والی لڑکیوں و خواتین سے بدسلوکی کررہے تھے ۔ اسی دوران 28 سالہ شیام بہاری مہاتو متوطن صاحب گنج جھارکھنڈ کو اُس وقت گرفتار کرلیا جب وہ گنیش پنڈال پر پہنچنے والے بھکتوں کے موبائیل فون کا سرقہ کیا تھا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 4 مسروقہ موبائیل فون بھی برآمد کرلئے ۔
گنیش پوجا کے بعد واپسی کے دوران سڑک حادثہ ، دو افراد ہلاک
حیدرآباد /21 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس حدود میں یہ حادثہ رات دیر گئے پیش آیا ۔ گنیش پوجا کے بعد واپسی کے دوران حادثہ پیش آیا ۔ 31 سالہ سائی رام اور 22 سالہ یشونت اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ جو بوڈاپل علاقہ کے ساکن تھے ۔ کل رات خیریت آباد گنیش کو دیکھنے کیلئے دونوں ساتھی موٹر سائیکل پر نکلے تھے اور تنیش کو دیکھنے کے بعد وہ واپس ہو رہے تھے کہ اڈیکمیٹ فلائی اوور پر حادثہ پیش آیا ۔ موٹر سائیکل جو تیز رفتار تھی بے قابو ہوگئی اور ڈیوائڈر سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اس حادثہ میں یشونت جو موٹر سائیکل چلا رہا تھا برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ سائی رام ہاسپٹل منتقلی کے دوران راستہ میں فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع