مقامی عوام سے ملاقات ، مختلف مسائل سے متعلق وزراء سے بھی تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔9 ڈسمبر ( شاہنواز بیگ ) شریمتی تامیلی سائی سندرا راجن نے تلنگانہ گورنر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد آج پہلی مرتبہ تلنگانہ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا ۔ آج دورہ کا آغاز یادادری ضلع سے کیا ، وہاں پر قدیم مندر پر پوجا کرنے کے بعد مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ اسکیمات کا جائزہ لیا اور مقامی وزیر جگدیشور ریڈی نے گورنر کو اس بات سے واقف کروایا کہ تلنگانہ کے مختلف مقامات سے یادادری مندر پر لوگ درشن کیلئے آتے ہیں اور گذشتہ پانچ برسوں کے دوران ایسے ترقیاتی کام عمل میں لائے گئے جو کہ گذشتہ 30سال سے انجام نہیں دیئے گئے تھے ۔ انہیں تلنگانہ حکومت نے محض پانچ سال کے کم عرصے میں کر دکھایا ۔ حیدرآباد تا ورنگل کیلئے ایک اہم قومی شاہراہ کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے ۔ گورنر نے ضلع ورنگل کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور قدیم ہزار ستون مندر اور قلعہ ورنگل جو کاکتیہ دور میں تعمیر کیا گیا تھا وہاں دورہ کیا ۔ بعد ازاں ہوٹل ہریتا میں ورنگل پولیس کمشنر ڈاکٹر وشواناتھ رویندر اور ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل ، ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راو ، گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر سے ملاقات کی اور ان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہ جائزہ لیا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ فلاحی اسکیمات سے عوام کس طرح استفادہ حاصل کررہے ہیں ۔ شریمتی گورنر نے ضلع ورنگل کے قلعہ کا دورہ کرنے کے بعد مقامی ذمہ داران سے دریافت کیا کہ ’’ کیا قلعہ کی دیکھ بھال کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جارہے ہیں یا نہیں ؟ ‘‘ ۔