گولان کی پہاڑیوں پر نئی ’ٹرمپ بستی‘ کا افتتاح

,

   

غزہ ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے گولان کی پہاڑیوں کے مقبوضہ علاقے میں نو آباد کاری منصوبے کا افتتاح کیا ہے جس کا نام امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نام پر ’ٹرمپ ہائٹس‘ رکھا گیا ہے۔اتوار کو افتتاحی تقریب میں اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس نئی آبادی کا نام ’ٹرمپ ہائٹس‘ امریکی صدر کی جانب سے گولان پہاڑیوں پر اسرائیلی خود مختاری کو تسلیم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے رکھا گیا ہے۔ابھی اس مقام پر تعمیراتی کام شروع ہونا باقی ہے لیکن یہاں پر امریکی صدر ٹرمپ کے نام کی تختی اور اسرائیلی اور امریکی پرچم نصب کر دیے گیے ہیں۔ناقدین نے اسے بنا کسی قانونی حیثیت کے سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے اٹھایا گیا اقدام قرار دیا ہے۔اسرائیل نے 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ کے آخری مرحلے میں اس علاقے پر قبضہ کر لیا تھا اور 1973 میں شام کی اس پر دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش بھی ناکام بنائی اور 1981 میں اس کو اسرائیل نے یکطرفہ طور پر اپنا علاقہ قرار دے دیا تھا۔ جاریہ سال مارچ میں امریکہ وہ پہلا ملک بنا تھا جس نے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’آج تاریخی دن ہے اور صدر ٹرمپ اسرائیل کے دوست ہیں۔‘