ہارٹ آف ایشیا کانفرنس، ہندوپاک وزرائے خارجہ کی ملاقات کا امکان کم

   

دوشنبہ: حالیہ ہفتوں میں پاک ہندوستان کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں جانب سے مثبت بیانات دیے گئے ہیں جس کے باعث دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی امید کی جارہی تھی۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پیر کو تاجکستان کے شہر دوشنبہ میں ’ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد افغانستان پر علاقائی تعاون ہے۔ ہندوستان بھی اس کانفرنس کا حصہ ہے۔تاہم دوشنبے روانہ ہونے سے قبل پاکستانی وزیر خارجہ نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ان کی وہاں وزیر خارجہ ہند کے ساتھ نہ ان کی کوئی ملاقات طے ہے اور نہ ہی اس کی درخواست کی گئی ہے۔ ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی طرف سے ابھی اس پرکوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔دونوں ملکوں کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں شرکت کے دوران دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ ملاقات کریں گے۔