ہریش راؤ نے دھان کی خریدی مرکز کا دورہ کیا، کسانوں سے ملاقات

   

حکومت وعدے کی تکمیل میں ناکام، خریدی مراکز پر طویل انتظار
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں سے دھان کی خریدی کے وعدے کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ہریش راؤ نے میدک ضلع کے چیگنٹہ منڈل میں دھان کی خریدی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ کسانوں نے دھان کی خریدی میں دشواری سے پیدا شدہ مسائل سے واقف کرایا اور کہا کہ عہدیداروں کا رویہ موافق کسان نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے کسانوں کو تیقن دیا کہ بی آر ایس اس مسئلہ پر حکومت پر دباؤ بنائے گی۔ رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی اور سابق رکن اسمبلی پدمادیویندر ریڈی اس دورہ میں شریک تھے۔ کسانوں کو دھان کی خریدی کے سلسلہ میں طویل انتظار کی زحمت سے گذرنا پڑ رہا ہے اور غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں دھان کو نقصان پہنچا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ حکومت دھان کی خریدی میں ناکام ہوچکی ہے اور خریدی مراکز پر کسانوں کی آنکھ میں آنسو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خریدی مراکز کے آغاز کو 25 دن مکمل ہوچکے ہیں لیکن میدک ضلع میں دھان کی خریدی کی رفتار انتہائی سست ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 دن میں محض ایک لاری کی خریدی کے نتیجہ میں کسانوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایک طرف دھان کی حفاظت اور دوسری طرف بارش کا خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور ریاستی وزراء محض ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایات جاری کررہے ہیں لیکن بنیادی سطح پر صورتحال میں کوئی سدھار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدک ضلع میں کسانوں کے مسائل پر ایک بھی وزیر نے جائزہ اجلاس منعقد نہیں کیا۔ وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی گمراہ کن دعوے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں کسان احتجاج پر مجبور ہیں۔ کسانوں کو 500 روپے بونس کی ادائیگی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی پر آئندہ انتخابات میں حکومت کو کسانوں کی ناراضگی سامنا کرنا پڑے گا۔ ہریش راؤ نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار کے فرزند کے معاملہ میں پولیس کی جانب سے کارروائی میں تاخیر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے درخواست گذاروں کی شکایت کے باوجود مقدمہ درج کرنے میں 8 گھنٹوں کا وقت لیا۔ 1؍F