ہماچل میں تودے کھسکنے سے 11 ہلاک وزیراعظم نے معاوضہ کا اعلان کیا

   

شملہ : ہماچل پردیش کے ضلع کننور میں نیشنل ہائی وے نمبر 5 پر زمینی تودے کھسکنے کے بڑے واقعہ میں آج کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 25 تا 30 افراد لاپتہ ہے۔ ڈی سی پی کننور عابدحسین صادق نے بتایا کہ ملبہ سے 10 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ حکام کو شبہ ہیکہ ایک ٹرک، ایک سرکاری بس اور دیگر گاڑیاں ریاستی دارالحکومت سے تقریباً 180 کیلو میٹر دور نیگول ساری کے قریب شملہ ۔ ریکانگ پیو شاہراہ کے 60 تا 70 میٹر علاقہ میں پیش آئے حادثہ کے بعد ملبہ میں پھنس گئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثا کیلئے فی کس 2 لاکھ روپئے نیز زخمیوں کیلئے فی کس 50 ہزار روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر سے بات بھی کی۔