ہماچل پردیش میں کانگریس کے 6 باغی ارکان اسمبلی نااہل

   

اسمبلی کی رکنیت بھی منسوخ ‘ وہپ کی خلاف ورزی پر اسپیکر کی کارروائی
نئی دہلی: ہماچل پردیش اسمبلی کے اسپیکر نے کانگریس کے 6 باغی ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ اسمبلی اسپیکر کے اس فیصلے کے بعد ان ارکان اسمبلی کی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے کیونکہ ان ارکان اسمبلی نے پارٹی کے جاری کردہ وہپ کی خلاف ورزی کی۔رپورٹ کے مطابق ان تمام ارکان اسمبلی کو دل بدل قانون کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔ جن ایم ایل اے کو نااہل قرار دیا گیا ہے وہ سدھیر شرما، راجندر رانا، دیویندر بھٹو، اندر لکھن پال، روی ٹھاکر اور چیتنیا شرما ہیں۔خیال رہے کہ کچھ روز قبل راجیہ سبھا انتخابات کے دوران ان 6 ارکان اسمبلی نے بی جے پی کے حق میں کراس ووٹنگ کی تھی جس کے بعد میڈیا کے ایک گروپ میں کہا جانے لگا کہ ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت پر خطرہ لاحق ہے اور وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ تاہم سکھوندر سکھو نے واضح کر دیا کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے اور وہ اپنی مدت کار پوری کریں گے۔دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے کہا تھا کہ راجیہ سبھا انتخابات میں کراس ووٹ دینے والے ایم ایل اے بھی ہمارے رابطے میں ہیں۔ بی جے پی پارٹی کو توڑنا چاہتی ہے لیکن کانگریس منظم ہے۔ سکھو نے کہا تھا کہ کچھ ایم ایل اے کے سیاسی ارادے ہیں لیکن انہیں سمجھنا ہوگا کہ تمام ایم ایل ایز کی سیاسی خواہشات پوری نہیں ہو سکتیں۔ بعض مقامات پر فتنہ بھی تھا۔ ایک ایم ایل اے نے دکھی دل کے ساتھ کہا کہ بہت بڑی غلطی ہو گئی ہے۔ ہماری حکومت محفوظ ہے۔ ہم 5 سال کی مدت پوری کریں گے۔