ہماچل پردیش کے خلاف ممبئی کامیاب

   

جئے پور : ڈومسٹک کی طاقتور ترین ٹیم ممبئی نے ہماچل پردیش کو 200 رنز سے شکست دیتے ہوئے اپنے ناقابل تسخیر موقف کو برقرار رکھا اور گروپ بی میں پہلا مقام حاصل کرتے ہوئے وجئے ہزارے ٹورنمنٹ کے ناک آؤٹ مرحلہ میں بھی رسائی حاصل کرلی ہے۔ ممبئی نے اپنے ابتدائی 4 مقابلوں میں دہلی، مہاراشٹرا، پانڈیچری اور راجستھان کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ آج کھیلے گئے مقابلہ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز اسکور کئے جس میں شردل ٹھاکر نے 92 ، سوریا کمار یادو نے 91 اور آدتیہ تارے نے 83 رنز اسکور کئے جس کے بعد ہماچل پردیش کو 121 رنز پر ڈھیر کردیا جس میں لیگ اسپنر پرشانت سولنکی نے 31 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے کلیدی رول ادا کیا۔ ممبئی کا آغاز انتہائی مایوس کن ہوا جیسا کہ 8 رنز کے اسکور پر ہی اس نے اپنے ابتدائی تین وکٹ گنوا دیئے تھے جیسا کہ یاش سوی جیسوال (2)، پرتھوی شا (2) اور سریش ایئر (2) جلد آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد ٹیم کا اسکور 49/4 ہوگیا جب سرفراز خان (11) اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کرپائے۔ 322 رنز کے تعاقب میں ہماچل پردیش کا بھی آغاز انتہائی مایوس کن رہا جس میں صرف 4 رنز کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گنوا دی لیکن ممبئی کی طرح اس کا میڈل آرڈر شعبہ ناقص شروعات کے نقصان کو برداشت نہیں کرپایا۔
ٹریسکاتھک انگلینڈ کے بیٹنگ کوچ مقرر
لندن : انگلینڈ نے اپنے سابق اوپنر مارٹس ٹریسکاتھک کو اپنا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جان نویس اور نیوزی لینڈ کے سابق اسپنر چیتن پٹیل کو بولنگ اور اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ یہ تین عہدیدار انگلینڈ کے کوچنگ عملہ میں شامل ہونے والے نئے نام ہیں جبکہ چیف کوچ کا عہدہ کریس سلورووڈ سنبھال رہے ہیں۔ انگلش ٹیم اس وقت ہندوستان میں ٹسٹ سیریز کھیل رہی ہے جہاں اسے چار مقابلوں میں 1-2 کا خسارہ ہے۔ ٹریسکاتھک ٹیم کے ایک اور سابق کھلاڑی جوناتھن ٹروٹ سے یہ عہدہ حاصل کریں گے۔