’’ہمیں اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے ‘‘۔ راجناتھ سنگھ کی فوجیوں سے ملاقات

,

   

سکیوریٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال۔لائن آف کنٹرول پر سخت چوکسی کی ہدایت

سری نگر۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے لداخ اور جموں و کشمیر کے اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن ہفتے کوسرحدی ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک فارورڈ چوکی کا دورہ کر کے وہاں تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ وزیر دفاع نے اسلحہ و گولہ باردو کا بھی معائنہ کیا۔ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے ان کا استقبال فلک شگاف نعروں سے کیا اور بعد ازاں افسروں نے انہیں تازہ سیکورٹی صورتحال کی تفصیلات فراہم کیں۔راجناتھ سنگھ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہمیں اپنے بہادر اور حوصلہ مند سپاہیوں پر فخر ہے جو ہر صورتحال میں ملک کی حفاظت کرتے ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ راجناتھ سنگھ نے جمعے کے روز دورہ لداخ کے دوران پینگانگ جھیل کے کنارے پر فوجی جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ہندوستان کی ایک انچ زمین کو چھو سکتی ہے نہ اس پر قبضہ کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کے قومی وقار کو زک پہنچانے کی کوشش کرے گی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب کمزور ملک نہیں ہے ۔راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہمیں اپنے فوجی جوانوں پر فخر ہے جو انتہائی بہادری کے ساتھ ہر صورتحال میں ملک اور سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے کشمیر کے کپواڑہ میں اگلے محاذوں کا ایک ایسے وقت دورہ کیا جب لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ساتھ ہی سرحد پار سے دراندازی کی مسلسل کوششیں ہورہی ہیں۔ کل سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں راجناتھ سنگھ نے لائن آف کنٹرول پر چوکسی میں اضافہ کرنے عہدیداروں پر زور دیا اور کہاکہ کسی بھی اشتعال انگیز کوشش کا فوری جواب دیا جائے۔ قبل ازیں راجناتھ سنگھ نے امرناتھ مندر میں بھی درشن کئے جہاں اُنھوں نے تقریباً ایک گھنٹہ گزارا۔ انہوں نے کورونا وبا سے فوری نجات اور جموں وکشمیر کی ترقی کے لئے دعا مانگی۔ اِس موقع پر راجناتھ سنگھ کے ساتھ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے علاوہ فوج کے دیگر سینئر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ راجناتھ سنگھ نے کل لداخ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا تھا جہاں گزشتہ ایک ماہ سے چین کے ساتھ کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فوجوں کو پیچھے ہٹانے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ ۔قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر امسال سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا کے لئے محدود تعداد میں ہی یاتریوں کو یاترا کرنے کی اجازت ہے اور یاترا کے دورانیے میں بھی کٹوتی کی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر اس سال امرناتھ یاترا صرف 14 دنوں پر محیط ہوگی اور امکانی طور پر 23 جولائی کو شروع ہو کر 3 اگست کو اپنے اختتام کو پہنچے گی۔