ہم گولڈ میڈل واپس لانے کے لیے پْرعزم : سلیمہ ٹیٹے

   

نئی دہلی،11 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے نے ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز ورلڈکپ 2026 میں گولڈ میڈل جیتنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں اعلیٰ اعزاز حاصل کرنے کا یقین اور صلاحیت دونوں موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ میں منعقدہ نیشنزکپ میں شاندار کامیابی کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ ہندوستانی ٹیم جون میں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے گئے ایف آئی ایچ نیشنزکپ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں داخل ہوگی۔ ٹیم پورے ٹورنمنٹ میں ناقابل شکست رہی اور فائنل میں میزبان نیوزی لینڈ کو 2-0 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ ورلڈکپ سے قبل جیواسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمہ ٹیٹے نے کہا کہ نیشنزکپ کی کامیابی کے بعد ٹیم کا اعتماد کافی بڑھا ہے اور کھلاڑی حالیہ کامیابی کو ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی میں تبدیل کرنے کے لیے پْرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکپتان کی حیثیت سے میرا کردار میدان میں ہرکھلاڑی کی حمایت کرنا ہے۔ ہم جیت رہے ہوں یا ہاررہے ہوں، میں ٹیم کے ساتھ کھڑی رہتی ہوں۔ اس مرتبہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ ہمارا ہوگا۔ ہم سمجھ داری کے ساتھ جارحانہ ہاکی کھیلیں گے اورمیڈل جیت کر واپس آئیں گے۔ مجھے اپنی ٹیم پر مکمل یقین ہے۔ ہمارے اندر یہ کارنامہ انجام دینے کی صلاحیت موجود ہے۔بیلجیم اور نیدرلینڈز کی مشترکہ میزبانی میں ورلڈ کپ15تا 30 اگست کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کو پول ڈی میں چین، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پول کے تمام میچ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹیلوین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ہندوستان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 16 اگست کو چین کے خلاف کرے گا، جس کے بعد 18 اگست کو جنوبی افریقہ اور 20 اگست کو انگلینڈ کے خلاف میچ ہوگا۔سلیمہ ٹیٹے اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔ نیشنز کپ کی کامیابی نے ٹیم کو ورلڈ کپ جیسے بڑے چیلنج سے قبل قیمتی اعتماد فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا،میں بہت پْرجوش ہوں، خاص طور پر اس لیے کہ یہ میرا دوسرا ورلڈ کپ ہے۔ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کھیلے اورمیڈل جیتے۔