ہندستانی مرد، خاتون ہاکی ٹیمیں بیلجیم،انگلینڈ روانہ

   

بنگلور، 23 ستمبر۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی مرد اور سینئرخاتون ہاکی ٹیمیں بنگلور کے بین الاقوامی ایرپورٹ سے اپنے بیلجئیم اور انگلینڈ دوروں کیلئے روانہ ہو گئیں۔ مرد ٹیم کو اینٹورپ میں بیلجیم اور اسپین کے خلاف پانچ میچ کھیلنے ہیں۔ یہ دورہ 26 ستمبر سے تین اکتوبر تک ہے جبکہ خاتون ٹیم کا دورہ27 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہوگا جس میں وہ جملہ پانچ میچ مارلو میں برطانیہ کے خلاف کھیلے گی۔ مرد ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ نے کہاکہ یہ دورہ ہمارے کھیل کو بہتر بنانے کے لحاظ سے اہم ہے ۔ اڑیسہ میں روس کے خلاف ہماری اولمپک کوالیفائنگ کی تیاریوں کو اس سے مضبوطی ملے گی۔ ہماری ٹیم میں بہت تجربہ کار کھلاڑی واپسی کر رہے ہیں۔ ورلڈ کپ اور یورو چمپئن شپ فاتح بیلجئم جیسی ٹیم کے خلاف ہمیں تیاریاں پرکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کی آٹھویں نمبر کی ٹیم اسپین سے بھی دو میچ کھیلیں گے ۔ اس سے ہمیں ٹیم کے لیے بھی کامل مجموعہ تلاش کرنے میں مدد ملے گی جو تمام اہم کوالیفائنگ مقابلوں سے پہلے کام آئے گا۔ ہندستانی مرد ٹیم اپنی مہم کا آغاز بیلجیم کے خلاف 26 ستمبر کو اینٹورپ میں پہلے میچ سے کرے گی۔ اس کے بعد وہ دو میچ اسپین سے28 اور 29 ستمبر کو کھیلے گی۔ دنیا کی پانچویں نمبر کی ٹیم پھر دوسرے نمبر کی بیلجئیم سے مقابلہ کرے گی۔