نئی دہلی : اس ماہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ہندو قوم پرست حکمراں جماعت بھارتیہ جنتاپارٹی نے ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے انتخابی مہم میں ایک بار پھر پاکستان کے نام کا ذکر شروع کر دیا ہے۔ جمعہ کو وسطی ریاست مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جب کہ اب ریاست راجستھان اور تلنگانہ کے انتخابات کے لیے مہم زوروں پر ہے۔ مرکز کی حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے تمام جتن آزمانے کے بعد اب جیت کے لیے پاکستان کے نام کا ذکر بھی شروع کر دیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان رمیش بدھوڑی نے گزشتہ روز اپنے ایک متنازعہ بیان میں کہا کہ ٹونک سمیت راجستھان کے انتخابات پر لاہور اپنی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ ٹونک حلقہ میں مسلمانوں کی اچھی خاصی آبادی ہے اور گزشتہ انتخابات میں وہاں سے کانگریس کے رہنما سچن پائلٹ نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے سچن پائلٹ پر یہ بھی الزام لگایا کہ انہوں نے ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے ارکان کو بھی پناہ دی رکھی ہے۔