ہندوستانی تہذیب و ثقافت پر ڈاکٹر اوصاف سعید کی کتاب کی رسم اجراء

   

شکاگو میں خوشگوار تقریب ، کونسل جنرل سومناتھ گھوش اور دیگر معززین کی شرکت
حیدرآباد۔21۔اگسٹ (سیاست نیوز) نامور سفارتکار، اسکالر اور ادیب ڈاکٹر اوصاف سعید کی ہندوستانی تہذیب اور روایات پر مشتمل کتاب کی رسم اجراء شکاگو کے رولنگ میڈوس ایلونائس کے نارتھ ویسٹ سبربن کالج میں تقریب منعقد کی گئی ۔ ہندوستان کے عظیم تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کا احاطہ کرتے ہوئے ڈاکٹر اوصاف سعید نے کتاب مرتب کی ہے۔ شکاگو میں ہندوستان کے کونسل جنرل سومناتھ گھوش نے رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے کیلاگ اسکول آف مینجمنٹ کے پروفیسر سمپت رمیش ، کونسل رکن اشفاق سید ، رئیس یاور اسٹریم ووڈ پارک ڈسٹرکٹ کمشنر ، سید شاہنواز خاں ، شکاگو کمیونٹی لیڈر میر خاں ، نارتھ ویسٹ سبربن کالج کے صدر ایم ٹی علی نیازی اور دیگر معززین موجود تھے۔ تقریب کے شرکاء نے ڈاکٹر اوصاف سعید سے ملاقات کی اور کتاب کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔ کونسل جنرل سومناتھ گھوش نے ہندوستانی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کے لئے ڈاکٹر اوصاف سعید کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں ہندوستانی عظیم روایات اور تہذیب کی بہتر عکاسی کی گئی ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیب و ثقافت پر مشتمل تاریخ کئی ہزار سال پر محیط ہے۔ اس کتاب کے ذریعہ انہوں نے ہندوستانی روایات سے نئی نسل کو واقف کرانے کی کوشش کی ہے۔ تقریب میں انڈین امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید کئی اہم ممالک میں ہندوستانی سفارتی عہدیدار کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے کے علاوہ تہذیبی و ثقافتی رشتوں کے استحکام میں انہوں نے اہم رول ادا کیا۔ ڈاکٹر اوصاف سعید کی یہ کتاب امیزان پر دستیاب ہے۔ 1/k/m/b