دبئی۔ ہندوستانی کپتان متھالی راج کو یقین ہے کہ شیفالی ورما اور ریچا گھوش جیسی نوجوان کھلاڑی آئندہ ماہ نیوزی لینڈ میں ہونے والے آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ متھالی کا ماننا ہے کہ 18سالہ شیفالی جس نے ٹی20 ورلڈ کپ 2020 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس باوقار مقابلے میں بھی شاندار اننگز کھیلے گی۔ متھالی نے آئی سی سی کے لیے اپنے کالم میں لکھا شیفالی ورما یقینی طور پر ان کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن پر ہندوستانی شائقین کی نظریں ہوں گی۔ انہوں نے لکھا وہ دنیا کی ابھرتی ہوئی اسٹارکھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ بہترین بیٹرس میں سے ایک ہے اور مجھے لگتا ہے کہ دوسرے سرے پر اسٹار اسمرتی مندھانا کی رہنمائی اور حمایت میں وہ پورے ٹورنمنٹ میں ہندوستان کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ جارحانہ مزاج شیفالی دورہ نیوزی لینڈ میں توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں اوراب تک صرف ایک نصف سنچری اسکورکر پائی ہیں۔ ریچا گھوش جو وکٹ کیپر کی جگہ کے لیے تانیہ بھاٹیہ سے مقابلہ کرتی ہیں، تاہم انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھایا ہے۔ 18 سالہ نوجوان نے دوسرے اور چوتھے ونڈے میں لگاتار دو نصف سنچریاں اسکور کیں جس میں ہندوستان کیلئے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی درج ہوا ہے ۔انہوں نے کہا تانیہ بھاٹیہ وکٹ کے پیچھے بہت قابل اعتماد ہیں اور ریچا گھوش انہیں ایک مشکل چیلنج دے رہی ہیں۔