نئی دہلی : ہندوستان اور آسٹریلیا کے وزراء دفاع اور خارجہ کے درمیان وزارتی سطح پر دوسری ٹو پلس ٹو بات چیت پیر کے روز یہاں منعقد ہوگی۔ آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع رچرڈ مارلس اور وزیر خارجہ پینی وونگ بات چیت کے لیے اتوار کے روز ہندوستان کے دو روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے آسٹریلیائی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کی مشترکہ صدارت کی۔ ٹو پلس ٹو مذاکرات سے قبل دونوں ممالک کے وزراء دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے ۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ٹو پلس ٹو وزارتی مذاکرات ستمبر 2021 میں ہوئے تھے ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھا رہے ہیں اور وزیر مارلس کے دورے سے دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید تقویت ملنے کی امید ہے ۔ ٹو پلس ٹو مذاکرات اور دو طرفہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے وسیع امور پر بات چیت متوقع ہے ۔ دورے کے دوران وزیر مارلس 19 نومبر کو گجرات کے احمد آباد میں ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میچ بھی دیکھیں گے ۔