ہندوستان سے جنگ کیلئے تیار رہیں ،فوج کو صدر چین کی ہدایت

   

بیجنگ : صدرچین ژی جن پنگ نے ایک متنازعہ قدم اٹھاتے ہوئے چین کی پیپلز لبریشن آرمی سے کہا ہیکہ وہ ہندوستان کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے درمیان جنگ کیلئے تیار رہیں ۔ ژی ژپنگ نے چینی افواج پر زور دیا کہ وہ جنگ کی تیاری کیلئے اپنا ذہن اور توانائی کو چوکس رکھیں۔ انہوں نے صوبہ گونگ ڈاونگ میں واقع فوجی ٹھکانے کا دورہ کیا اور وہاں کی فوجی تیاریوں کا معائنہ کیا۔ ژی ژپنگ نے فوج سے کہا کہ وہ ہائی الرٹ اختیار کریں اور اپنے وطن کے ساتھ قطعی وفاداری اور حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔ ژی ژپنگ نے گونگ ڈاونگ کا دورہ کرتے ہوئے شین ژن اسپیشل اکنامک زون کی 40 ویں یادگار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اب دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت بن رہا ہے۔ اس زون کو 1980میں قائم کیا گیا تھا جس نے چین کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ صدر چین نے فوج کو جنگ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت ایک ایسے وقت میں دی ہے جبکہ مشرقی لداخ میں حقیقی خط قبضہ (ایل اے سی) پر ہندوستان اور چین کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے۔ منگل کے دن دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کیلئے باہمی قابل قبول حل تلاش کرنے پر توجہ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ ہندوستان اور چین کے درمیان ساتویں کارپس کمانڈر سطح کی ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات جاری رکھنے والے فوج اور سفارتکاروں کے چینل کے ذریعہ مشاورت کا عمل تیز کرنے سے بھی اتفاق کیا تھا۔ اسی دوران وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے بھی لداخ اور اروناچل پردیش میں پلوں کا افتتاح کیا تھا اس کے ایک دن بعد صدر چین کا یہ بیان سامنے آیا۔