ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز نیشنز کپ……
آکلینڈ۔22؍جون ( ایجنسیز ) ہندوستان نے ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز نیشنز کپ 2025/26 کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں انڈین ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ کو 2۔0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے اگلے سیزن کی ایف آئی ایچ ویمنز پرو لیگ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ اس شاندار کارکردگی پر ہاکی انڈیا نے کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔میچ کے آغاز میں اگرچہ گیند پر زیادہ قبضہ نیوزی لینڈ کا رہا لیکن ہندوستان نے پہلا مؤثر حملہ کرتے ہوئے چوتھے منٹ میں حاصل ہونے والے پینلٹی کارنر پر نونیت کور کے ذریعے گول کرکے 1۔0 کی برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد 15ویں منٹ میں ایک اور پینلٹی کارنر پر دیپیکا کے طاقتور شاٹ کو سنیلتا ٹوپو نے عمدہ انداز میں گول کا رخ دے کر اسکور 2۔0 کر دیا۔دوسرے ہاف میں نیوزی لینڈ نے واپسی کی بھرپور کوشش کی تاہم ہندوستانی دفاع اور گول کیپر سویتا نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو کوئی گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔ چوتھے کوارٹر کے آغاز میں نیوزی لینڈ کو ایک اہم پینلٹی کارنر مل لیکن سویتا نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے ہندوستان کی دو گول کی برتری برقرار رکھی۔ آخرکار انڈین ٹیم نے 2۔0 سے کامیابی حاصل کرکے خطاب اپنے نام کر لیا۔فائنل میں لالریمسیامی کو بہترین کارکردگی پر ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا جبکہ دیپیکا نے پورے ٹورنامنٹ میں چھ گول اسکور کرکے امریکہ کی ایشلے سیسا کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا۔