گال، 19 اگست (آئی اے این ایس) بائیں ہاتھ کے نوجوان اسپنر مانَو سْتھرکی شاندار6/55 کی بولنگ کی بدولت ہندوستان نے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پہلے ٹسٹ کے پانچویں روز سری لنکا کو 165 رنز سے شکستدی۔ سْتھر نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کی اور ہندوستان نے دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی اور 12 اہم ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) نشانات بھی حاصل کیے۔ اپنے کیریئر کا صرف دوسرا ٹسٹ کھیل رہے سْتھر نے دوسری اننگز میں 6/55 کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ میں 10/101 کے اعداد و شمار کے ساتھ اپنا پہلا10 وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا۔ ان کی تباہ کن بولنگ کے سامنے سری لنکا کی ٹیم 77.4 اوورز میں 206 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ دن کے آغاز پر سری لنکا کے کپتان دھننجایا ڈی سلوا اور سونال دینوشا نے ہندوستانی بولرزکے خلاف مضبوط مزاحمت کی اور دونوں نے95 رنزکی شراکت قائم کی۔ ڈی سلوا نے رویندر جڈیجہ کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جبکہ دینوشا نے کلدیپ یادیو کی گیند پر چھکا لگا کر اپنے پچاس رنز مکمل کئے۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی جڈیجہ نے دلائی، جنہوں نے ڈی سلوا کو59 رنز پر آؤٹ کیا۔ ان کی گیند پر ڈی سلوا نے سویپ کرنے کی کوشش کی، لیکن گیند بلے کا اوپری کنارہ لیتی ہوئی شارٹ فائن لیگ پر موجود مانَو سْتھر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ اس کے بعد پرسدھ کرشنا نے وکٹ کیپر نروشن ڈک ویلاکو 10 رنز پر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروادیا۔ اس موقع پر سری لنکا کی مزاحمت کو مزید تقویت سونال دینوشا نے دی، جو پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کررہے تھے۔ لنچ کے بعد دینوشا84 رنز تک پہنچ گئے اور دوسری سنچری کی جانب بڑھتے دکھائی دے رہے تھے، لیکن سْتھر نے 76ویں اوور میں تین وکٹوں پر مشتمل میڈن اوور کرکے میچ کا رخ ہندوستان کے حق میں مکمل طور پر موڑ دیا۔ سْتھر نے پہلے دینوشاکو84 رنز پر آؤٹ کیا۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے پراباتھ جے سوریا کو گولڈن ڈک پر بولڈ کردیا۔ ہیٹ ٹرک کی گیند سے لہیرو کمارا بچ گئے، تاہم سْتھر نے دوگیندوں بعد انہیں بھی وکٹ کے پیچھے رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ اس طرح سْتھر نے مسلسل دوسرے ٹسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ سری لنکا کی آخری جوڑی نے کچھ دیر مزاحمت کی۔ کیشرا نوانتھا نے سْتھرکو چوکا لگا کر ٹیم کا اسکور 200 رنز سے آگے پہنچایا، لیکن سْتھر نے 78ویں اوور میں تیز گیند کے ذریعہ نوانتھا کو20 رنز پر بولڈ کرکے سری لنکا کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ ہندوستان کی کامیابی کی بنیاد پہلی اننگز میں دیودت پڈیکل کی شاندار 167 رنز کی اننگز نے رکھی، جس کی بدولت ہندوستان نے 178 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔ دوسری اننگز میں رشبھ پنت نے 66 رنز کی ذمہ دارانہ اننگزکھیلی۔