’ہندوستان کیساتھ جنگ کے خواہشمند نہیں ‘: پاکستانی فوج

   

اسلام آباد ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا شدہ کشیدگی میں شدت کے درمیان پاکستانی فوج نے آج کہا کہ ان کا ملک جنگ کی خواہش نہیں رکھتا لیکن ہندوستان کو خبردار کیا کہ اس کی طرف سے جارحانہ فوجی اقدامات کی صورت میں حیرت انگیز نتائج برآمد ہوں گے۔ ڈائرکٹر جنرل انٹر سرویس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کسی تحقیقات کے بغیر ہی پلوامہ حملے کیلئے پاکستان کو موردالزام ٹھہرا رہا ہے اور ہندوستان نے تقسیم کی حقیقت کو ہنوز قبول نہیں کیا ہے۔ فوجی ترجمان نے کہا کہ ’’ہماری 72 سالہ تاریخ ہے۔ 1947 میں تقسیم ہوئی تھی اور پاکستان آزاد ہوا تھا۔ ہندوستان ہنوز اس حقیقت کو تسلیم نہیں کرسکا ہے‘‘۔ آصف غفور نے مزید کہا کہ ’’پاکستان کسی جنگ کی تیاری نہیں کررہا ہے۔ آپ (ہندوستان) دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ہمیں بھی دھمکیوں کا جواب دینے کا حق ہے لیکن ہم (لڑائی) شروع کرنے کی تاری نہیں بلکہ دفاع کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور جواب دینا ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کسی کارروائی کیلئے آپ (ہندوستان) کو پہل کرنا چاہئے آپ کبھی بھی ہمیں حیرت زدہ نہیں کرسکیں گے بلکہ ہم آپ کو حیرت میں ڈال دیں گے‘‘۔